وساکھی میلہ: بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے

وساکھی میلہ میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا کے ساتھ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک ناصر مشتاق نے واہگہ چیک پوسٹ پر یاتریوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور بھی موجود تھے۔
استقبالی تقریب میں سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور سمیت دیگر کمیٹی اراکین نے بھی شرکت کی اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
ایڈیشنل سیکرٹری ناصر مشتاق کے مطابق سکھ یاتریوں کے قیام، لنگر، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
یاتری جتھہ کے لیڈر سردار ہرجیت سنگھ پپا نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور دنیا بھر کے سکھ یہاں آنا چاہتے ہیں کیونکہ یہاں انہیں عزت اور احترام دیا جاتا ہے۔
بھارت کی مختلف ریاستوں جیسے اتر پردیش اور دہلی سے آنے والے یاتریوں کی واہگہ بارڈر پر کسٹم اور امیگریشن مکمل ہونے کے بعد مہمان نوازی کی گئی۔ انہیں چائے اور مشروبات پیش کیے گئے، جس کے بعد بسوں کے قافلوں کی صورت میں انہیں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا، جبکہ وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب میں منعقد ہوگی۔












